فیصل آباد میں بس اور کار کا خوفناک تصادم‘ 5 افراد جاں بحق 10 زخمی
جاں بحق 4 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا‘ بس کار سے ٹکرانے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی.
۔ 12 نومبر2023ء ) صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کے علاقہ کھرڑیانوالہ میں بس اور کار میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے کھرڑیانوالہ میں ڈرماں والا موڑ پر آج صبح بس اور کار میں خوفناک تصادم ہوا جہاں بس کار سے ٹکرانے کے بعد ٹریکٹر ٹرالی سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ جاں بحق افراد میں بس ڈرائیور اور کار میں سوار 4 افراد شامل ہیں، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے جائے حادثہ پر پہنچ گئے جنہوں نے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا، جن میں سے کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ گزشتہ ماہ صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں موٹر وے کے قریب خانقاہ ڈوگرہ لوکل روڈ پر بس الٹنے کے نتیجے میں مسیحی برادری کے 6 مسافر ہلاک اور 57 سے زائد زخمی ہوئے، ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ یہ خوفناک حادثہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے علاقے صفدر آباد میں پیش آیا جہاں ایم 2 موٹر وے خانقاہ ڈوگراں انٹرچینج کے قریب مسافر بس اوور لوڈنگ اور تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں 6 مسافر ہلاک اور 57 زخمی ہوئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ریسکیو ادارے جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیاں شروع کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔.
معلوم ہوا کہ حادثے کا شکار بس میں مسیحی زائرین سوار تھے جو سیالکوٹ سے مریم آباد مذہبی تقریب میں شرکت کے لیے آ رہے تھے، حادثے کے باعث مرنے والوں اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، پولیس نے حادثے کا مقدمہ بس ڈرائیور اور کنڈکٹر کے خلاف درج کر لیا ہے۔
Comments
Post a Comment